ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ووٹوں کا فیصد ایک ہی رات میں لاکھوں تک کیسے بڑھ سکتا ہے؟ کانگریس کا سوال

ووٹوں کا فیصد ایک ہی رات میں لاکھوں تک کیسے بڑھ سکتا ہے؟ کانگریس کا سوال

Thu, 12 Dec 2024 12:17:08  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 12/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹرا کے پونے شہر کی کانگریس پارٹی نے بدھ کی صبح نوی پیٹھ میں اسمبلی انتخابات کے نتائج پر حیرانگی ظاہر کرتے ہوئے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ووٹنگ کے لیے بیلٹ پیپر پر ہی ہونا چاہیے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں شہریوں کے دستخط بھی لیے گئے ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ نہ صرف شکست خوردہ پارٹیوں بلکہ ریاست کے ووٹروں کے لیے اسمبلی انتخابات کے نتائج حیرت انگیز ہیں۔

کانگریس کے شہر صدر اروند شندے نے کہا کہ اس قسم کی مہم شہر بھر میں چلائی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، پولنگ کے دن شام 5 بجے ووٹر ٹرن آؤٹ 58.22 فیصد تھا، جبکہ اسی رات 11:30 بجے یہ 65.02 فیصد تک پہنچ گیا اور اگلے دن 21 نومبر کو یہ 66.05 فیصد رہا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ووٹر ٹرن آؤٹ میں 7.83 فیصد کا اضافہ ہوا، اور 76 لاکھ ووٹوں کا اضافہ بھی دیکھنے کو ملا۔ کانگریس نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ اتنے کم وقت میں ووٹنگ کے فیصد میں اتنا بڑا اضافہ کیسے ہوا؟

کانگریس کے متعدد عہدیداروں اور کارکنوں نے اس احتجاج میں حصہ لیا، جن میں سابق وزیر بالاصاحب شیورکر، دیپتی چاودھاری، ریاستی جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ ابھے چھاجڈ، رفیق شیخ، اجیت دریکر، لتا راج گرو، گوپال تیواری، ہنومنت پوار، سنیل شندے، راج امبائیک، سنیل گھڈگے، بلاک صدر ہیمنت راج بھوج، اکشے مانے، سوجیت یادو، آصف شیخ، رمیش سونکمبلے، راجو تھومبرے، ستیش پوار، یوتھ صدر سوربھ امرالے اور کانگریس کے دیگر عہدیدار شامل تھے۔


Share: